ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں /  رن وے سے طیارے پھسلنے کے 6واقعات۔ڈی جی سی اے نے 12پائلٹوں کو جاری کیا شو کاز نوٹس

 رن وے سے طیارے پھسلنے کے 6واقعات۔ڈی جی سی اے نے 12پائلٹوں کو جاری کیا شو کاز نوٹس

Thu, 04 Jul 2019 23:21:23    S.O. News Service

نئی دہلی4/جولائی (ایس او نیوز)حالیہ دنوں میں ملک کے مختلف ایئر پورٹس پر لینڈنگ کے وقت طیارے رن وے پھسل جانے کے6 واقعات پیش آئے جن میں سے کچھ معاملے انتہائی ہولناک حادثات میں بدلنے کے امکانات پائے گئے۔

ان معاملات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن(DGCA)نے ان 6واقعات سے تعلق رکھنے والے 12پائلٹوں کے خلاف کارروائی کی ہے اور انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔لینڈنگ کے وقت طیاروں کے اپنے رن وے سے پھسل جانے کے ان 6واقعات میں تین اسپائس جیٹ، دو ایئر انڈیا ایکسپریس اور ایک ’گو ایئر‘کمپنی کے طیارے ہیں۔

خطرناک حادثوں سے بال بال بچنے کے جو واقعات پچھلے چند ہی دنوں میں ہوئے ہیں اس میں ایک واقعہ یکم جولائی کا ہے جب ممبئی ایئر پورٹ پر شدید بارش کے دوران جئے پور سے پہنچنے والا لینڈنگ کے وقت پھسل کر دورنکل گیا اورگھاس کے میدان میں جاکر پھنسنے کی وجہ سے رک گیا۔یہ اسپائس جیٹ کا طیارہ تھا۔اسی طرح 30جون کو سورت ایئر پورٹ پر بھوپال سے آنے والا اسپائس جیٹ کا ہی ایک طیارہ اسی طرح حادثے کا شکار ہوگیا۔اس وقت بھی زبردست بارش ہورہی تھی اور تیز ہوائیں چل رہی تھیں۔

2جولائی کو کولکتہ ایئر پورٹ پر لینڈنگ کے وقت اسپائس جیٹ کا ایک اور طیارہ رن وے سے پھسل گیااسی دن دمام سے آنے والا ایئر انڈیا ایکسپریس کا طیارہ جب کلیکوٹ ایئر پورٹ پر اتر رہا تھا تو ہوائی جہاز کا بال رن وے سے ٹکراگیا تھا۔30جون کو منگلورو انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ائر انڈیا ایکسپریس کا طیارہ لینڈنگ کے وقت ٹیکسی وے پر مڑتے وقت بری طرح پھسل گیامگر خوش قسمتی کچی زمین میں طیارے کے پہیے دھنس گئے اور سنگین حادثہ رونما ہوتے ہوتے رہ گیا۔ کیونکہ اگر یہ طیارہ مزید 20فٹ آگے بڑھتا تو کھائی میں گر جاتا اور مسافروں کی ہلاکت یقینی تھی۔اسی دن بنگلورو سے ’گو ایئر‘ کا جو طیارہ رانچی پہنچا تھا وہ بھی رن وے سے پھسل گیا تھا۔یہاں بھی طیارے کا بال رن وے سے ٹکرانے کی بات سامنے آئی ہے۔

 


Share: